بنو قابل پروجیکٹ کے زیرِ اہتمام کمیٹی گراؤنڈ میں شاندار ٹیسٹ، ہزاروں نوجوانوں، بچوں اور بچیوں کی بھرپور شرکت

43

ہریپور: کمیٹی گراؤنڈ ہریپور میں بنو قابل پروجیکٹ کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں طلبہ، طالبات، نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کر کے علم و ہنر کے فروغ کے اس سفر میں اپنی دلچسپی اور عزم کا اظہار کیا۔

یہ پروگرام بنو قابل ہزارہ کی جانب سے منظم کیا گیا، جس کا مقصد علاقے کے نوجوانوں میں تعلیمی رجحان، پیشہ ورانہ مہارت اور خود انحصاری کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان اسامہ رضی تھے۔ اس موقع پر امیر جماعتِ اسلامی صوبہ ہزارہ، پیٹرن اِن چیف الخدمت فاؤنڈیشن ہزارہ اور پیٹرن اِن چیف بنو قابل ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کلیدی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ مختلف سماجی و تعلیمی شخصیات، اساتذہ، والدین اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اپنے خطاب میں عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ “بنو قابل” صرف ایک پروجیکٹ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور اخلاقی تربیت کے ذریعے معاشرے کا فعال اور مثبت کردار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نوجوانوں کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہیں جہاں سے وہ اپنی صلاحیتوں کو نہ صرف نکھار سکتے ہیں بلکہ انہیں ملک و ملت کی خدمت کے لیے بروئے کار بھی لا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنو قابل کے ذریعے ہزارہ ڈویژن کے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ڈیجیٹل مہارتیں، کیریئر گائیڈنس اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ محض نوکری کے متلاشی نہ رہیں بلکہ روزگار پیدا کرنے والے بن سکیں۔

مہمانِ خصوصی اسامہ رضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنو قابل جیسے منصوبے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی تعلیم، تربیت اور کردار سازی کے میدان میں جو خدمات انجام دے رہی ہے وہ ایک مضبوط، منظم اور دیانت دار قوم کی بنیاد رکھ رہی ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت سمت میں صرف کریں، محنت، امانت اور دیانت کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

پروگرام میں مختلف ماہرین نے بھی طلبہ و طالبات کی رہنمائی کی اور انہیں بنو قابل کے اگلے مراحل کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

آخر میں کامیاب امیدواروں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور منتظمین نے بنو قابل کے اگلے مرحلے کے اعلانات بھی کیے۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں