مانسہرہ : شوہال میدان گڑاہنگ میں درخت کاٹنے کے تنازع پر جھگڑا، تین افراد زخمی۔
شوہال میدان گڑاہنگ بلال مسجد کے قریب درخت کاٹنے کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق عمر زیب نے اپنی زمین سے درخت کاٹا جس کا ایک حصہ نیچے سلیم نامی شخص کی چھت پر جا گرا۔ واقعے کے بعد سلیم کے بھائیوں ساجد، ماجد، راشد، رمضان، اظہر، رضا خان اور منیر نے موقع پر موجود پڑوسیوں محمد رفیق، عدیل اور منیب پر حملہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے متاثرین پر تشدد کے ساتھ ساتھ ان کے موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی۔ منیب شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
متاثرین نے ڈی ایس پی بالاکوٹ سہیل خان سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔