ختم القرآن کی پروقار تقریب

41

مانسہرہ : مدرسہ اُم ناصر حمید انصاری پھام گلی اوگی میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ختم القرآن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

جس میں علما کرام، والدین، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ادارے کے مہتمم مولانا خلیل الرحمٰن نے خطبۂ استقبالیہ میں مدرسے کی تعلیمی خدمات، اساتذہ کی محنت اور والدین کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم دلوں کو منور کرتی ہے اور نسلوں کی اصلاح کا ذریعہ بنتی ہے۔

مہمانِ خصوصی مولانا سید فیض امام شاہ نے خطاب میں قرآن پاک کی عظمت، مدارسِ دینیہ کی خدمات اور علمائے کرام کی قدر و منزلت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید وہ نعمت ہے جو انسان کو گمراہی سے نکال کر ہدایت عطا کرتی ہے، اور جو قومیں قرآن اور اپنے علما کی عزت کرتی ہیں اللہ تعالیٰ ان پر اپنی رحمتیں نازل فرماتا ہے۔

انہوں نے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ سعادت دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ دیگر علمائے کرام نے بھی اپنے خطابات میں قرآن سے مضبوط تعلق، دینی اقدار کی پاسداری اور دینی مدارس کی اہمیت پر زور دیا۔

آخر میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کی باوقار دستار بندی کی گئی، اسناد تقسیم کی گئیں اور ملک و ملت کی سلامتی، دینی اداروں کی ترقی اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں