تحریکِ نوجوانانِ ضلع تورغر کا افسران کی غیر موجودگی پر احتجاج

34

تورغر : تحریکِ نوجوانانِ ضلع تورغر کے اہم ممبران نے ضلع ہیڈکوارٹر جدباء میں مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کیا، جہاں بیشتر دفاتر میں متعلقہ افسران اور عملہ غیر حاضر پایا گیا۔

ممبران نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے افسران کی دفاتر میں موجودگی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لے اور عوامی سہولت کے لیے افسران کی باقاعدہ حاضری یقینی بنائے۔

تحریک کے اراکین نے خبردار کیا کہ اگر افسران کی غیر حاضری کا سلسلہ جاری رہا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

مزید برآں نوجوانان نے مطالبہ کیا کہ اس وقت پورا تورغر ملیریا کی لپیٹ میں ہے، لیکن ضلع میں کسی بھی جگہ ملیریا سینٹر قائم نہیں لہٰذا فوری طور پر ملیریا سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی ایچ یو جدباء، جسے حال ہی میں ٹی ایم آفس کے قریب منتقل کیا گیا ہے، وہاں مناسب سہولتیں میسر نہیں، لہٰذا اسے سابقہ یا کسی بہتر مقام پر دوبارہ شفٹ کیا جائے۔

اراکین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ڈی ایچ کیو اسپتال پر جاری تعمیراتی کام انتہائی سست روی کا شکار ہے لہٰذا کام کی رفتار تیز کی جائے اگر عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو ہم احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں