ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے تحصیل چیئرمین ایبٹ آباد سردار شجاع نبی کے ہمراہ مانگل کٹھہ، گوہر ایوب ٹاؤن، بستی لال خان، کالا پل اور نیلے پیر کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین ڈی آر سی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز، نمائندہ ٹی ایم اے، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی، چیئرمین میاں رخسار اور ممبران تحصیل کونسل بھی موجود رہے۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے سمال انڈسٹریز کی جانب سے مانگل کٹھہ میں سالڈ ویسٹ پھینکنے پر تمام متعلقہ یونٹس کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ٹی ایم اے کو ہدایت دی گئی کہ سیوریج ڈائریکٹ مانگل کٹھہ میں پھینکنے والے گھروں کو فوری طور پر نوٹسز جاری کیے جائیں۔
مزید برآں، مانگل کٹھہ کے اطراف ڈھلوانوں پر بنائے گئے گھروں کے مالکان کو بھی نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے، سالڈ ویسٹ اور سیوریج کے باعث ہونے والی ماحولیاتی تباہی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے گوہر ایوب ٹاؤن گلی نمبر 1 میں سالڈ ویسٹ کی ڈمپنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد کو متعلقہ انڈسٹریل یونٹس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
بستی لال خان میں بھی ماربل ویسٹ، سلری اور کوڑا کرکٹ کے ڈمپس کا نوٹس لیا گیا اور پانی کے راستے میں بنائے گئے گھروں کے مالکان کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے عثمان آباد پل کا معائنہ کیا اور پل کے اطراف جاری تعمیراتی کام کو فی الفور روکنے اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
کالا پل مانسہرہ روڈ پر نالے میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور پختہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی واضح احکامات دیے گئے۔
نیلے پیر، المیرا اور شاہ کوٹ ایریا کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مانگل کٹھہ کے قریب پبلک ہیلتھ کے ٹیوب ویلوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ پانی کے معیار کی فوری جانچ اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔