ایبٹ آباد: میرپور چوک اور تھانہ میرپور کے سامنے سڑک کی سائیڈوں پر کئی دنوں سے مزدوروں کو کنکریٹ ڈالتے دیکھا تو یہ سمجھا کہ این ایچ اے والے یہ کام کروا رہے ہیں۔
لیکن بھلا ہو کہ میرپور سے تعلق رکھنے والے وقاص خان جدون کا۔ جنہوں نے بتایا کہ ڈے ٹو ڈے سٹور کے مالک نے اپنی مدد آپ کے تحت بین الاقوامی قراقرم ہائی وے کے دونوں اطراف لاکھوں روپے کی لاگت سے کنکریٹ کا کام اور نالی کی تعمیر کروا کر عوامی سہولت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف میرپور چوک بلکہ گردونواح میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لیے آنے جانے میں آسانی پیدا ہو گئی ہے۔
وقاص خان جدون ایڈوکیٹ نے ڈے ٹو ڈے سٹور کے مالک کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی بہبود کے ایسے اقدامات حکومتی اداروں کے لیے بھی مثال بننے چاہییں، کیونکہ یہ شہری خدمتِ خلق اور سماجی ذمہ داری کا بہترین نمونہ ہیں۔