ایبٹ آباد : ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت موسمِ سرما سے متعلق کنٹینجنسی پلان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ برفباری سے قبل تمام محکمے مکمل طور پر تیار رہیں۔
مشینری ہر صورت میں دستیاب ہو تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ امدادی سامان جیسے خیمے، خوراک، ادویات، وہیل چیئرز، اسٹریچرز، تکیے، مچھر دانیاں، سلیپنگ بیگز، بالٹیاں، اور پانی کے کنٹینرز بھی وافر مقدار میں موجود ہوں۔برفباری سے متاثرہ علاقوں میں باڑا گلی، نتھیا گلی، توحید آباد، چھانگا گلی، خیرا گلی اور ایوبیہ شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ ان علاقوں میں درختوں کی کٹائی فوری طور پر روکی جائے۔مزید برآں، برفباری کے دوران صحت عامہ کے عملے کی ان علاقوں میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کی بھی خصوصی ہدایت کی اور کہا کہ صحت مراکز جانے والے تمام راستے ترجیحی بنیادوں پر صاف رکھے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطہ اور کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں تاکہ موسمِ سرما کے دوران عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔