ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی زیر صدارت خسرہ و روبیلا مہم (17 تا 29 نومبر) کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

37

مانسہرہ : ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل کی زیر صدارت خسرہ و روبیلا مہم (17 نومبر تا 29 نومبر) کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او مانسہرہ، ای پی آئی کوآرڈینیٹر، محکمہ صحت کے افسران، ضلعی محکموں کے سربراہان اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مہم کے انتظامات، ویکسینیشن ٹیموں کی تشکیل، فیلڈ مانیٹرنگ، عوامی آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور تمام ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے انجام دیں تاکہ مہم کے مقاصد کامیابی سے حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن نہایت ضروری ہے اور اس سلسلے میں والدین، علمائے کرام، اساتذہ اور کمیونٹی لیڈرز کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہر بچے کو ویکسین کی سہولت یقینی بنائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر ادارے مشترکہ کوششوں سے اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ ضلع مانسہرہ کو خسرہ و روبیلا سے محفوظ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں