ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل گنڈا پور کی ایبٹ آباد پریس کلب میں منعقدہ الوداعی تقریب

29

ایبٹ آباد: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل گنڈا پور نے اپنے تین سالہ دورِ تعیناتی میں منشیات فروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے انہیں ضلع بدر کرنے پر مجبور کیا۔ ایبٹ آباد میں جرائم کی بیخ کنی کے لیے ان کی خدمات کو عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایبٹ آباد پریس کلب میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈی پی او عمر طفیل گنڈا پور نے کہا کہ ایبٹ آباد میں تعیناتی سے قبل وہ سندھ میں خدمات انجام دے چکے ہیں، مگر ہزارہ ڈویژن میں بہترین ماحول اور مثبت عوامی رویہ ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے ہر موقع پر رہنمائی فراہم کی، اور کوشش رہی کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوامی تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف اپنائی گئی پالیسی کے نمایاں نتائج سامنے آئے، تاہم جرائم پیشہ افراد کو نظام کی خامیوں سے فائدہ اٹھانے سے روکنے کے لیے اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی کے ابتدائی دنوں میں بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، مگر تین سال کا یہ عرصہ زندگی کا یادگار دور ثابت ہوا۔

ڈی پی او نے موجودہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھاتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈی پی او عمر طفیل گنڈا پور کے ساتھ مختصر مدت میں کام کرنے کا موقع ملا، مگر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط سے متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کے صحافی اور تاجر برادری بہترین کردار کے حامل ہیں اور ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر پریس کلب ایبٹ آباد، یونین آف جرنلسٹس اور آل ٹریڈرز فیڈریشن کی جانب سے ڈی پی او عمر طفیل گنڈا پور کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یادگاری شیلڈز دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں