ایبٹ آباد : ملک میں 33 نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوام اور نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج میں “امیجن پاکستان 2030” کے عنوان سے ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار میں میڈیکل کالجز کے طلبہ و طالبات، پروفیسرز، ڈاکٹرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی دنیا نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین میاں عامر محمود اور نیو ٹی وی کے چیئرمین عبدالرحمن تھے، جبکہ دیگر ممتاز مقررین نے بھی ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
مقررین کے خیالات
مقررین نے کہا کہ پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کے قیام کے وقت ملک کی آبادی تین کروڑ تھی اور صرف چار صوبے تھے، جب کہ آج آبادی 25 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے مگر صوبوں کی تعداد بدستور وہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس میں اضافہ نہ ہونے کے باعث ملک کے بیشتر علاقے پسماندگی کا شکار ہیں، جب کہ چند بڑے شہروں میں ہی ترقی کے اثرات نظر آتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے وقت کے ساتھ اپنے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنایا۔
مثلاً امریکہ میں 50 ریاستیں، بھارت میں 39 صوبے، چین میں 31، انڈونیشیا میں 34، برازیل میں 36، اور میکسیکو میں 31 انتظامی یونٹس ہیں۔ ان ممالک نے اپنی آبادی اور وسائل کے تناسب سے نئے صوبے قائم کیے جس سے گورننس بہتر ہوئی اور ترقی متوازن انداز میں تقسیم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پنجاب کی آبادی ملک کی کل آبادی کا 52 فیصد ہے مگر ترقی صرف لاہور تک محدود ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں پشاور، سندھ میں کراچی، اور بلوچستان میں کوئٹہ ترقی کے مراکز بن چکے ہیں، جبکہ باقی اضلاع بدستور محرومیوں کا شکار ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اگر وقت پر صوبے چھوٹے نہ کیے گئے تو ملک کو آئندہ برسوں میں شدید معاشی، سماجی اور انتظامی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سیاسی منشور اور عمل درآمد
سیمینار میں یہ بات بھی زیرِ بحث آئی کہ پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے منشور میں انتظامی بنیادوں پر صوبوں کے قیام کا ذکر موجود ہے۔
پیپلز پارٹی کے منشور میں ہر ضلع میں گورنر کا نظام تجویز کیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی قیادت بھی نئے صوبوں کی حامی رہی ہے، مگر بدقسمتی سے ان جماعتوں نے اپنے منشور پر عمل درآمد نہیں کیا۔
طلبہ کے سوالات اور سیمینار کا اختتام
سیمینار کے دوران طلبہ و طالبات نے مختلف سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات مقررین نے دیے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر عوام اور نوجوان بیدار ہو جائیں تو نئے صوبوں کے قیام کی تحریک جلد کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔
آخر میں ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر غضنفر نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں اور شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔