دی یونیورسٹی آف میلینیم اینڈ کالج ایبٹ آباد (TMUC) کے طلباء نے صوبائی اسمبلی کا مطالعاتی و تعلیمی دورہ

47

ایبٹ آباد: دی یونیورسٹی آف میلینیم اینڈ کالج ایبٹ آباد (TMUC) کے طلباء نے صوبائی اسمبلی کا مطالعاتی و تعلیمی دورہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی سطح پر طلباء کونسل کی نئی منتخب ایگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی ممبران نے شرکت کی۔

اسمبلی جرگہ ہال میں ایک پروقار تقریب کے دوران سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے طلباء کونسل کے منتخب اراکین سے حلف لیا اور نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ نوجوان طبقہ ملک و صوبے کا قیمتی سرمایہ ہے اور تعلیمی اداروں میں طلباء کی مثبت سرگرمیاں معاشرتی استحکام کی علامت ہیں۔

اس موقع پر سیف اللہ، اسسٹنٹ سیکرٹری اسمبلی نے اسمبلی کے اغراض و مقاصد، قانون سازی کے عمل اور پارلیمانی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں طلباء نے اسمبلی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور قانون سازی کے طریقہ کار سے آگاہی حاصل کی۔

دورے کے اختتام پر سید وقار شاہ، سپیشل سیکرٹری اسمبلی نے طلباء میں توصیفی اسناد تقسیم کیں اور ایک سوال و جواب سیشن میں طلباء کے سوالات کے مفصل جوابات دیے۔ طلباء نے اس معلوماتی دورے کو نہایت مفید اور تعلیمی قرار دیا اور صوبائی اسمبلی کی شفاف کارکردگی کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں