ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت خسرہ و روبیلا مہم کی تیاریوں کا اجلاس، اضلاع کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت خسرہ و روبیلا مہم کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ای پی آئی کوآرڈینیٹرز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے مہم کی مکمل تیاری اور مربوط حکمتِ عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خسرہ و روبیلا سے بچوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ مہم کی تیاریاں بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کی جائیں تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر پیدا نہ ہو۔
کمشنر فیاض علی شاہ نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت، علمائے کرام اور مقامی نمائندوں کو مہم میں شامل کیا جائے تاکہ عوامی اعتماد اور آگاہی میں اضافہ ہو۔ والدین کو اپنے بچوں کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کے لیے سوشل موبلائزیشن سرگرمیوں کو مزید فعال اور مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
انہوں نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ ویکسین، کولڈ چین اور لاجسٹک سپورٹ کے انتظامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، جبکہ مہم کے دوران ریئل ٹائم ڈیٹا رپورٹنگ اور مانیٹرنگ پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ، “یہ مہم بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک قومی ذمہ داری ہے۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام اضلاع ٹیم ورک، ہم آہنگی اور سنجیدگی کے ساتھ مہم کو کامیاب بنائیں۔”
اجلاس کے شرکاء نے کمشنر ہزارہ کو یقین دلایا کہ مہم کے دوران تمام انتظامات اور فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ خسرہ و روبیلا کے خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔