کوہستان لوئر : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر عبدالسلام خالد (PSP) کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کوہستان لوئر کے اشتراک سے گورنمنٹ ہائی سکول پٹن میں منشیات کے استعمال اور انتہاپسندی کے خلاف آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔
اس موقع پر ڈی پی او کوہستان لوئر عبدالسلام خالد (PSP)،
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ڈی ای او ایجوکیشن، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر، علمائے کرام، معززینِ علاقہ، اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی پی او عبدالسلام خالد (PSP) نے اپنے خطاب میں کہا کہ والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، یہ دیکھیں کہ وہ کن محفلوں میں بیٹھتے ہیں اور گھر سے باہر کن لوگوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ جہاں ڈیمانڈ ہوگی، وہاں سپلائی بھی پیدا ہوگی، اس لیے معاشرے کے تمام افراد کا فرض ہے کہ وہ ایسے ناسوروں کی نشاندہی کریں۔
ڈی پی او نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، غلط محفلوں سے دور رہیں۔ اگر کوئی شخص آپ کو منشیات یا کسی غلط سرگرمی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرے تو فوراً انکار کریں، اپنے گھر والوں کو آگاہ کریں اور پولیس کو اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کی اطلاع کسی بھی وقت میرے دفتر دی جا سکتی ہے۔صرف اس شخص کا نام لکھ کر دے دیں، اطلاع دینے والے کا نام میں نہیں پوچھوں گا۔
آخر میں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کریں اور ایک صحت مند، منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔