یونیورسٹی میں ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لئے معاہدہ طے

39

مانسہرہ: ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور ڈرائیونگ کی تربیت دینے والے نجی ادارے کنگ ڈرائیورنگ سکول کے مابین یونیورسٹی طلباء و طالبات، فیکلٹی ممبران اور دیگر ملازمین کو یونیورسٹی میں ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لئے معاہدہ طے پا گیا۔

تعاون کی یادداشت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان اور منیجنگ ڈائریکٹر شاہد امتیاز نے دستخط کئے۔ابتدائی طور پر معاہدے کی مدت 6ماہ ہوگی جس کے تحت خواہشمند افراد کو تجربہ کار انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی ڈرائیونگ کی پیشہ ورانہ تربیت ،مختلف اشاروں، ٹریفک قوانین اور سڑک کے اصول و ضوابط سے آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گی۔

مذکورہ معاہدے کے تحت ڈرائیونگ سیکھنے کے خواہشمند افراد سے مارکیٹ کے مقابلے میں نہایت مسابقتی فیس چارج کرتے ہوئے یونیورسٹی کے اندر محفوظ اور پر امن ماحول میں ڈرائیونگ سکھائی جائے گی اور تربیتی مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے افراد کو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہونے والا معاہدہ طلباء و طالبات سمیت یونیورسٹی میں خدمات سر انجام دینے والے پروفیسرز اور ملازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ گاڑی چلانا ایک فن اور ہنر ہے جسے باقاعدہ تربیت کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ نوجوان طلباء سمیت دیگر افراد کو ڈرائیونگ کی باقاعدہ تربیت دی جائے جس میں تھیوری اور پریکٹیکل دونوں شامل ہوں تاکہ وہ شہری علاقوں سمیت ہائی ویز پر پر اعتماد ڈرائیونگ کر سکیں۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی مزید ترقی اور بہتری کے لئے کئی آئیڈیاز موجود ہیں جن پر وقت کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے سینئر افسران اور متعلقہ حکام سمیت ڈی ایس پی ٹریفک پولیس مانسہرہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں