مانسہرہ: ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کا بالاکوٹ ڈویژن میں جاری چائنیز پراجیکٹ سائٹس کا دورہ، سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے حوالےسے افسران کو ہدایات جاری
دورے کے دوران ڈی پی او مانسہرہ نے پاک فوج کے افسران، پراجیکٹس کے چائنیز ماہرین اور انتظامی عملے کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کیں جن میں سیکیورٹی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بالاکوٹ ڈویژن میں واقع چائنیز کیمپس کے معائنے کے دوران ڈی ایس پی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) صابر خان، ڈی ایس پی پارس صداقت نثار،متعلقہ پراجیکٹ انچارجز، سیکیورٹی افسران، اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
پراجیکٹ انتظامیہ اور چائنیز ماہرین نے ڈی پی او مانسہرہ کو کیمپ میں سیکیورٹی کے موجودہ اقدامات اور درپیش ضروریات سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کا کہنا تھا کہ چائنیز کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی مانسہرہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ہمارے افسران اور جوان ہمہ وقت مستعد اور تیار ہیں۔
انہوں نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ چائنیز عملے کے ساتھ قریبی روابط رکھیں، سیکیورٹی پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مؤثر بنائیں تاکہ سیکیورٹی نیٹ ورک مزید مربوط اور مستحکم ہوں۔