مانسہرہ : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان نے آج تھانہ اوگی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانہ ریکارڈ، روزنامچہ، تفتیشی رجسٹرز، حوالات، کوت، میس، پولیس بیرکس اور مالِ مقدمات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے تھانہ میں صفائی کے انتظامات، سیکیورٹی کیمروں، فرنٹ ڈیسک، اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے تھانہ اوگی سے ملحقہ ڈی آر سی اوگی، ڈرائیونگ لائسنس برانچ اوگی اور پولیس سہولت مرکز اوگی کا بھی دورہ کیا، جہاں سہولیات، ریکارڈ اور عوام کو دی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بار روم اوگی کا بھی دورہ کیا اور وکلاء صاحبان سے بھی ملاقات کی۔
دورے کے دوران ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے جرائم کے انسداد کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی جرائم، منشیات فروشی، فراڈ و دھوکہ دہی اور اسلحہ کی غیر قانونی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے ایس ایچ او اوگی کو ہدایت کی کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور علاقے میں گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر کے تمام تھانوں میں عوام دوست ماحول، شفاف تفتیش، اور فوری انصاف کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔