گیسٹرو وارڈ میں نئے اینڈوسکوپی سسٹم کا باقاعدہ افتتاح

22

ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک کی کوششوں سے گیسٹرو وارڈ میں نئے اینڈوسکوپی سسٹم کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا۔

افتتاح کے بعد پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب منان نے خود نئے سسٹم پر اینڈوسکوپی کی اور گیسٹرو اینٹرولوجی وارڈ میں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات اور معیاری خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ وارڈ کا پورا سسٹم جدید خطوط پر استوار ہوچکا ہے جس کی نگرانی وہ خود وقتاً فوقتاً کرتے رہے اور آج یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔

گیسٹرو اینٹرولوجی وارڈ کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر عادل نصیر خان نے ٹیم کو وارڈ کی خدمات جدید مشینری اور موجودہ نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ٹیم نے فائبرواسکین سسٹم کا جائزہ بھی لیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔

پروفیسر ڈاکٹر عادل نصیر نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے اینڈو اسکوپس کی کمی کے باعث اگر ایک اینڈو اسکوپ خراب ہوجائے تو مریضوں کی سہولت متاثر ہوتی تھی، مگر اب تین نئی اسکوپس فراہم کردی گئی ہیں جبکہ پانچ پرانی اینڈو اسکوپس مرمت کے بعد فعال کر دی گئی ہیں جس سے سروس کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔ اس اقدام سے ہزارہ ڈویژن کے مریضوں کو صحت سہولت پروگرام کے تحت مزید جامع اور مستقل خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں