ایبٹ آباد : نئے تعینات ہونے والے ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون الرشید نے کہا ہے کہ پولیس کا عوام کے ساتھ رویہ ہر صورت بہتر ہونا چاہیے۔ شہریوں سے بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ یہ بات آل ٹریڈر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کر رہے تھے۔ وفد کی قیادت صدر آل ٹریڈر ثاقب خان نے کی، جبکہ تاجروں نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی پی او ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ لینڈ مافیا، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، آئس اور ہیروئن کے ڈیلروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ جرائم پیشہ عناصر کے لیے ایبٹ آباد میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چارج سنبھالتے ہی پولیس رویے میں بہتری کے لیے بدسلوکی پر تین افسران و اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔ تھانوں کا ماحول ایسا بنایا جائے گا کہ شریف شہری بلا خوف و جھجک اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ وہ خود رات دیر تک کام کرتے ہیں، اس لیے تمام افسران اور اہلکاروں کو بھی اب پوری ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینا ہوں گے۔
اس موقع پر صدر آل ٹریڈر نے کہا کہ تاجر برادری شہر کے امن و امان میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتی آئی ہے۔ محرم الحرام سمیت تمام بڑے پروگراموں میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا گیا اور آئندہ بھی ڈسٹرکٹ پولیس کے عوامی کاموں میں بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔