ایبٹ آباد: خواجہ سراء کی موت: امید ویلفیئر سوسائٹی نواں شہر کے بابر خان اور ڈاکٹر عامر تدفین کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال پہنچ گئے۔
ریسکیو کی جانب سے ایمرجنسی میں لائے گئے ٹرانس جینڈر مریضہ “مریم عرف دلہن” کا ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مکمل علاج، بعد ازاں موت واقع ہو گئی۔
میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ثاقب ملک کے حکم پر خواجہ سراء کو بھرپور طبی امداد فراہم کی گئی۔ گزشتہ روز مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور انہیں کارڈیک مسائل کے باعث سی سی یو منتقل کیا گیا۔ جہاں میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ثاقب ملک نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ بھی کیا۔ تاہم چند گھنٹوں بعد مریم عرف دلہن طبی موت کا شکار ہوگئیں۔
وائس آف ہزارہ کے پیج پر پوسٹ لگنے کے بعد امید ویلفیئر سوسائٹی نواں شہر کے بابر خان اور ڈاکٹر عامر نے وائس آف ہزارہ کی ٹیم کیساتھ رابطہ کیا اور خواجہ سراء کی تدفین کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جس پر بابر خان اور ان کی ٹیم کو پی آر او ملک سیف راجپوت سے رابطہ کروایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس اور ٹی ایم اے حکام کی مشاورت کے بعد امید ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندگان بابر خان اور ڈاکٹر عامر سے تدفین کے حوالے سے بات چیت شروع کی گئی۔
اسی دوران ٹرانس جینڈر یونین ایبٹ آباد کی ضلعی صدر رانی اور دیگر عہدیداران بھی ہسپتال پہنچ گئے۔ جنہوں نے بتایا کہ اگر آج بروز ہفتہ صبح 9 بجے تک کوئی قانونی وارث سامنے آ جائے تو بہتر ہے، بصورت دیگر تدفین امید ویلفیئر سوسائٹی نواں شہر کی جانب سے کی جائے گی۔