مانسہرہ: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایکس پی ایس کے 17 رکنی وفد نے ایکس پی ایس ایف کے مشر غنی گل محسود اور مہم آفریدی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ملاقات کی جس میں صوبہ کے مختلف ڈوثرن سے سنئیر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی شامل تھے۔ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پی کے 38 حق نواز خان سواتی نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران حق نواز خان سواتی نے پارٹی کی موجودہ صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس مقام تک پہنچ چکی ہے کہ متعدد عہدیداران بے خوف ہو کر پارٹی امیدواروں کو چھوڑ کر مخالف جماعتوں کو ووٹ دے رہے ہیں، جبکہ بیک وقت پیپلز پارٹی کے عہدے بھی رکھے ہوئے ہیں کیونکہ ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کی سینئر قیادت نے اس صورتحال پر فوری توجہ نہ دی تو آئندہ الیکشن میں پارٹی کو امیدوار تک میسر نہیں آئیں گے۔ حق نواز خان سواتی نے گورنر خیبر پختونخوا سے درخواست کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے صوبائی تنظیم کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ مزید کہا گیا کہ تنظیمی کمزوری پارٹی کی مقبولیت پر اثر انداز ہو رہی ہے، اس لیے اصلاحی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔