اپر کوہستان: گبر، جو کہ ایک دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے، میں گھر میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اس صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں اور ریونیو اسٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر جائے وقوعہ بھیجنے کی ہدایت جاری کی۔
دور دراز مقام، دشوار گزار راستوں اور بلند پہاڑی علاقے کے باوجود فائر فائٹنگ کا سامان اور طبی عملہ موقع پر روانہ کردیا گیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کا عمل اس وقت جاری ہے جبکہ نقصان کے تخمینے کے لیے ابتدائی سروے بھی کیا جا رہا ہے۔
درخواست برائے فوری امداد ، سب ڈویژن سیو گبر میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی، مگر تیز ہوا، پہاڑی علاقوں کی دشوار گزار صورتحال اور محدود وسائل کے باعث آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ نتیجتاً دو منزل 15 کمرے گھر مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا اور متاثرہ خاندان بے گھر، بے وسائل اور شدید مشکلات کا شکار ہو چکا ہے۔
اس نہایت سنگین اور افسوس ناک صورتحال کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان صاحب سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ متاثرہ خاندان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خیمے، راشن، گرم بستر، اور دیگر ضروریاتِ زندگی فوری طور پر روانہ کیے جائیں، تاکہ سخت سردی اور مشکلات کے اس وقت میں متاثرہ افراد کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اللہ تعالیٰ اس خاندان کی مدد فرمائے اور آپ کے فوری تعاون کو قبول فرمائے۔