ہزارہ یونیورسٹی میں 7ویں بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

34

مانسہرہ: ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں Emerging Trends in Bioinformatics & Biosciencesکے موضوع پر 7ویں بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔

دو روزہ کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی ریسرچرز، سکالرز اور طلباء و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے بائیو انفارمیٹکس اور بائیو سائنسز کے میدان میں ہونے والی عالمی تحقیقی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس کے آخری روز مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بائیو سائنسز کی تحقیقی سرگرمیاں ایڈوانس لیول پر ہیں جس سے مستفید ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوان طلباء و طالبات کو عالمی سطح پر ہونے والی سرگرمیوں سے روشناس کریں تاکہ بائیوانفارمیٹکس کی فیلڈ میں بین الاقوامی ریسرچ سے مستفید ہوتے ہوئے ملکی تحقیق میں جدت اور تیزی لائی جا سکے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی کے بائیو انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے تحت مذکورہ موضوع پر لگاتار 7ویں کانفرنس کا انعقاد نہایت خو ش آئندہے اور اس سے کانفرنس میں شرکت کرنے والے پاکستانی سکالرز اور محققین کو تحقیق کے میدان میں ہونے والی عالمی پیشرفت سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ بائیو انفارمیٹکس کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد سائنس کے مختلف علوم کو یکجا کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور تحقیق کے میدان میں مختلف رجحانات کو ایک نئی سمت عطا کرے گی۔وائس چانسلر نے کانفرنس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر فیصل نوروز کی کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

دو روزہ کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی محققین کے علاوہ یونیورسٹی کے سائنسی شعبہ جات سے وابستہ پروفیسرز، طلباء و طالبات اور سکالرز نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں