ترقیاتی اسکیموں اور تعلیمی اداروں سے متعلق انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ

27

ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ فیا‌ض علی شاہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، تعلیمی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات

اکمشنر ہزارہ ڈویژن فیا‌ض علی شاہ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف شعبوں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی اسکیموں اور تعلیمی اداروں سے متعلق انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران کمشنر ہزارہ نے محکمۂ تعلیم کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی، باتھ رومز کی درست حالت اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر ہزارہ نے مزید ہدایت کی کہ جن اسکولوں میں باؤنڈری وال موجود نہیں ہے وہاں فوری طور پر تعمیر کا عمل شروع کیا جائے، تاکہ تعلیمی ماحول محفوظ اور بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے PTC فنڈز کے شفاف اور بروقت استعمال پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کا استعمال والدین اور طلبہ کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔ اسی طرح، کمشنر ہزارہ نے DMO (M & E) کو ہدایت کی کہ زیرِ تعمیر اسکولز کی مانیٹرنگ سخت کی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہونے دیا جائے۔

اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ تعلیم (مردانہ و زنانہ) کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پران کی جانب سے اپنی کارکردگی اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔

آخر میں کمشنر ہزارہ فیا‌ض علی شاہ نے شرکاء سے کہا کہ اگر کسی بھی ادارے کو صوبائی حکومت سے معاونت، منظوری یا کسی قسم کے وسائل درکار ہوں تو وہ کمشنر آفس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی فلاح اور تعلیمی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں