ایبٹ آباد : پاکستان پریس کونسل کے چیئرمین ارشد خان جدون نے ایبٹ آباد پریس کلب کے دورے میں کہا کہ صحافیوں کو وفاقی سطح پر ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
ایبٹ آباد کے صحافی اپنے کردار اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث ملک بھر میں منفرد پہچان رکھتے ہیں اور پرنٹ میڈیا آج بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
چیئرمین کے مطابق صحافت کی تعلیم و تربیت کے لیے ملک بھر میں ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور ہزارہ یونیورسٹی کے طلبہ بھی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو میڈیا ایجوکیشن کے لیے علیحدہ یونیورسٹی کے قیام کی تجویز بھی دی ہے۔
قبل ازیں پریس کلب کے عہدیداران نے مقامی صحافیوں کے مسائل اور وفاقی سطح پر سہولتوں کی کمی سے آگاہ کیا۔ صدر پریس کلب سردار نوید عالم نے کہا کہ ایبٹ آباد کے صحافی مشکل حالات کے باوجود قومی سطح پر اپنا مقام منوا چکے ہیں اور صوبائی حکومت کی گرانٹ سے متعدد صحافی عمرہ، موٹر سائیکل، لیپ ٹاپ اور انشورنس کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر پریس کلب نے چیئرمین سے درخواست کی کہ وفاقی سطح پر صحافیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ایبٹ آباد کے صحافیوں کو بھی قومی دھارے میں مؤثر نمائندگی مل سکے۔