تورغر: تورغر اور شانگلہ کے درمیان دریائے سندھ میں بخت نصیب کی کشتی حادثے کا شکار ، کشتی مالک کو لاکھوں کا نقصان ہو گیا۔
تورغر اور شانگلہ کے سنگم پر دریائے سندھ میں ایک اور افسوسناک کشتی حادثہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بخت نصیب، ساکن گاؤں بیڑ تحصیل پورن ضلع شانگلہ، کی کشتی ہری پور سے کھانے پینے کی اشیاء سے بھری ہوئی واپس آرہی تھی کہ دیدل کماچ کے مقام پر دریا میں ابھرے ہوئے پتھر سے ٹکرا کر ٹوٹ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا سامان پانی میں بہہ کر مکمل طور پر ناکارہ ہوگیا جبکہ کشتی مالک کو بھی بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد موقع پر موجود مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دوسری کشتی کی مدد سے مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، تاہم اشیائے خورد و نوش ڈوب گئیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی کرنا کے مقام پر ایک کشتی حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ ماہرین کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہونے سے دریا کے درمیان بڑے بڑے پتھر ابھر آئے ہیں، جس کے باعث مسلسل حادثات پیش آرہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں متاثرہ کشتی مالکان کی فوری مالی امداد کی جائے تاکہ ان کا معاشی نقصان کسی حد تک پورا ہوسکے۔