ایبٹ آباد: ہارون رشید خان ڈی پی او ایبٹ آباد کی طرف سے ڈی پی او آفس ایبٹ آباد میں کرسمس کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے ایبٹ آباد پولیس کے مسیحی کمیونٹی کے افسران و جوانوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد نے مسیحی افسران و جوانوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور پولیس فورس میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال قرار دیا۔ تقریب کے دوران مسیحی پولیس افسران و جوانوں میں تحائف اور کیش ریوارڈ بھی تقسیم کیے گئے، جس سے شرکاء میں خوشی اور جوش و خروش کی فضا قائم رہی۔
ڈی پی او ہارون رشید خان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد پولیس ہر اہلکار کو یکساں عزت اور احترام دیتی ہے اور تمام مذاہب کے ماننے والے افسران و جوان امن و امان کے قیام کے لیے یک جان ہو کر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کرسمس کی خوشیوں، محبت اور امن کے پیغام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔