شنکیاری کے علاقے بجنہ انٹرچینج کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق مقامی علاقوں ٹانڈہ اور بجنہ سے بتایا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد نامعلوم گاڑی کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں جبکہ فرار ہونے والی گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔