بٹگرام میں عید الفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اشتیاق احمد نے کی جبکہ ضلعی پولیس سربراہ قمر حیات خان (PSP) سمیت مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں عیدالفطر کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، آتش بازی اور دیگر غیر قانونی حرکات کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ضلعی پولیس سربراہ قمر حیات خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کے موقع پر ضلع بھر میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی، اہم شاہراہوں، بازاروں، عید گاہوں اور تفریحی مقامات پر خصوصی گشت اور ناکہ بندیاں کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، آتش بازی اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ والدین سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کو خطرناک سرگرمیوں سے باز رکھیں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔




ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور عید کے ایام میں ضلع بھر میں پولیس مکمل طور پر الرٹ رہے گی۔
بٹگرام: عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ، اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد.
9