ری پور — ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے پاک آسٹریا فاخشولے یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ہری پور کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی اداروں کے مختلف حصوں، کنٹرول روم اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او ہری پور نے پہلے پاک آسٹریا فاخشولے یونیورسٹی پہنچ کر یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کی اور سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ملاقات بھی کی۔ کنٹرول روم میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا نظام چیک کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے یونیورسٹی آف ہری پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور یونیورسٹی کی مجموعی حفاظتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ پولیس اور تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اساتذہ، طلبہ اور عملے کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔




