مانسہرہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اظہر خان نے سرکل بالاکوٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس کی بہتری کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر بالاکوٹ کے سیاحتی علاقے میں زیرِ تعمیر پولیس سہولت مرکز کی عمارت اور پولیس چوکی ڈمگلہ کے تعمیراتی کام کا معائنہ بھی کیا گیا۔ ڈی پی او محمد اظہر خان نے منصوبوں کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاحتی مقامات پر پولیس کی بہتری کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا، عوام اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، اور پولیس نظام کو مؤثر بنانا مانسہرہ پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈی پی او نے سٹاف کو ہدایت کی کہ سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی، بہتر رویہ اور مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ اس طرح ضلع مانسہرہ آنے والے سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔





