ہری پور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک شہری کی جان بچانے والے بہادر پولیس اہلکار کنسٹیبل توقیر کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا۔
چند روز قبل فاروقیہ چیک پوسٹ کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک چلتی ہوئی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو کر اندر پھنس گیا۔
اس خطرناک صورتحال میں موقع پر موجود کنسٹیبل توقیر نے غیر معمولی جرات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فوری کارروائی کی۔ انہوں نے جلتی ہوئی گاڑی کے قریب جا کر شیشہ توڑا اور شدید زخمی شخص کو باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا، یوں اس کی جان بچانے میں کامیاب رہے۔
واقعے کے بعد مقامی شہریوں اور عینی شاہدین نے کنسٹیبل توقیر کے اس بہادرانہ اقدام کو بھرپور سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے کنسٹیبل توقیر کو اپنے دفتر طلب کر کے ان کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور انسان دوستی کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فرض شناس اور دلیر اہلکار پولیس فورس کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو مشکل ترین حالات میں بھی انسانی جانوں کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بناتے ہیں۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے جوان عوام کی خدمت اور حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور کنسٹیبل توقیر جیسے بہادر اہلکار دوسروں کے لیے ایک مثال ہیں۔
🚨 ہری پور پولیس کا قابلِ فخر اقدام — بہادر کنسٹیبل توقیر کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا گیا.
15