بٹگرام: اندھے قتل کیس میں بڑی پیشرفت، مزید دو اشتہاری ملزمان گرفتار.

20

بٹگرام: تھانہ شملائی پولیس نے رمضان المبارک کے دوران پیش آنے والے اندھے قتل کے ایک نہایت سنگین مقدمے میں اہم کامیابی حاصل کر لی۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار، خفیہ معلومات اور مسلسل نگرانی کے بعد مزید دو مفرور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے ماہِ رمضان کے دوران شاہروم سکنہ کھڑلو کو اندھا دھند فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کیا تھا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔
آر پی او ہزارہ ناصر محمود ستی کی جانب سے واقعے کا سخت نوٹس لینے اور ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان کی خصوصی ہدایات پر ایک ماہر اور خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، موبائل ڈیٹا ٹریسنگ اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا۔
گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت کریم داد ولد شیردل اور شاہ زرین شاہ ولد یوسف شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے، جس میں ایک کلاشنکوف اور ایک پستول شامل ہیں۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق اس مقدمے میں ملوث دو دیگر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا تھا، جبکہ حالیہ کامیاب کارروائی کے بعد کیس میں نامزد تمام مرکزی ملزمان قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں