🔴 سفاک قاتل گرفتار — پولیس کی شاندار کارروائی.

21

مانسہرہ: تھانہ بٹل کی حدود میں پیش آنے والے اندوہناک واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر نصیر حسین شاہ کے قتل میں ملوث مرکزی سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 21 رمضان المبارک کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے پولیس انسپکٹر نصیر حسین شاہ کو شہید کر دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ جدید حکمت عملی، مسلسل نگرانی اور انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم صادق حسین شاہ ولد مزمل شاہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس کی عبوری ضمانت (بی بی اے) منسوخ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اس سنگین مقدمے میں دیگر ملوث ملزمان میں قلندر شاہ اور مزمل شاہ شامل ہیں۔ ان میں سے ایک ملزم پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ دوسرا ملزم تاحال عبوری ضمانت پر ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس متحرک ہے۔
یہ مقدمہ تمام ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302/34 کے تحت درج کیا گیا تھا، جس میں قتل اور مشترکہ نیت کے الزامات شامل ہیں۔
اس کامیاب کارروائی کا سہرا ڈی پی او مانسہرہ، ڈی ایس پی شنکیاری، ایس ایچ او فیصل بٹل اور ایس پی سعید رحمان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کو جاتا ہے، جنہوں نے وقوعہ کے پہلے دن سے لے کر گرفتاری تک مسلسل کیس کی نگرانی کی اور متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے رہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں