تھانہ بکوٹ میں جدید پولیس سہولت مرکز کا افتتاح، عوام کو دہلیز پر سہولیات کی فراہمی یقینی.

16

ایبٹ آباد: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ایبٹ آباد ہارون رشید خان اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے تھانہ بکوٹ میں جدید پولیس سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معززین علاقہ، ڈی آر سی ممبران، عمائدین، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پولیس سہولت مرکز کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کو جدید، تیز رفتار اور باوقار پولیس خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو معمولی نوعیت کے امور کے لیے دور دراز سفر نہ کرنا پڑے۔ اس اقدام سے بکوٹ اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں مکینوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
یہ سہولت مرکز جدید سہولیات سے آراستہ ہے جہاں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد پولیس سروسز فراہم کی جائیں گی۔ ان خدمات میں کریکٹر سرٹیفکیٹ کا اجرا، پولیس ویریفکیشن، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، گمشدہ اشیاء کی رپورٹ درج کروانا، ڈرائیونگ لرنر پرمٹ کے حصول میں رہنمائی، جنرل پولیس اسسٹنس، عوامی شکایات کا فوری اندراج اور ازالہ شامل ہیں۔ مزید برآں خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے علیحدہ رہنمائی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ہارون رشید خان نے کہا کہ ایبٹ آباد پولیس عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مراکز کے قیام سے نہ صرف عوام کو سہولت میسر آئے گی بلکہ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مشترکہ مشن عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات ان کے قریب فراہم کرنے کا وژن تیزی سے عملی شکل اختیار کر رہا ہے اور بکوٹ میں اس مرکز کا قیام اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔







افتتاح کے بعد مہمانوں نے سہولت مرکز کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، عملے سے بریفنگ لی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

ہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں