ایبٹ آباد میں 18 اپریل کو منعقد ہونے والی پریزیڈنٹ پریڈ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اعلیٰ عسکری و سول حکام کی آمد کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت 17 اور 18 اپریل کو احتجاج، جلسے جلوس اور ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ پی ایم اے کاکول کے اطراف فائرنگ، ڈرون کے استعمال اور کبوتر بازی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید برآں 16 سے 18 اپریل تک صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ پی ایم اے کاکول کے قریبی علاقوں میں دکانیں کھولنے، پٹرول و سی این جی اسٹیشنز پر پارکنگ، افغان شہریوں کی نقل و حرکت اور ڈبل سواری پر بھی مخصوص اوقات میں پابندی عائد کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ایبٹ آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ: دفعہ 144 نافذ.
18