🚨 ایبٹ آباد: جائیداد کے تنازع پر دل دہلا دینے والا واقعہ، دو کمسن بچے شدید زخمی، ملزم گرفتار.

20

ایبٹ آباد (پولیس پریس ریلیز): تھانہ نواں شہر کی حدود اکھڑیلہ میں جائیداد کے تنازع پر ایک نہایت افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم ذکاء اللہ ولد سیف الرحمن سکنہ اکھڑیلہ نے مبینہ طور پر گھر میں گھس کر دو کمسن بچوں پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا۔ متاثرہ بچوں میں عبدالسلام ولد فیصل ممتاز (عمر 9 سال) اور ابو حریرہ ولد قاسم ممتاز (عمر 4 سال) شامل ہیں، جو شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی ابتدائی وجہ پرانی جائیداد کا تنازعہ بتائی جا رہی ہے، جس پر ملزم نے طیش میں آ کر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ نواں شہر کیڈٹ قمر شہزاد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو وقوعہ کے چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
زخمی بچوں کو فوری طور پر ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کیا گیا، جہاں ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دوسرے بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 324 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں