مانسہرہ: ضلع مانسہرہ میں یوڈا (UADA) کے تحت مجوزہ جدید ٹاؤن شپ کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں ایم ڈی یوڈا (UADA) اور ایم ڈی مانسہرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جہاں منصوبے کی اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف تکنیکی، انتظامی اور ترقیاتی امور پر وضاحت کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک ٹیبل ڈسکشن میں مدعو کیا گیا، تاکہ منصوبے کو ہر پہلو سے مکمل اور قابلِ عمل بنایا جا سکے۔
شرکاء اجلاس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مجوزہ ٹاؤن شپ سے متعلق تمام معاملات کو مکمل شفافیت اور واضح حکمت عملی کے ساتھ حتمی شکل دے کر یوڈا بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ بورڈ سے باقاعدہ منظوری کے بعد منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ وزیر بلدیات جلد یوڈا بورڈ کا اجلاس طلب کریں گے، جس میں اس اہم منصوبے کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی تاکہ ترقیاتی عمل میں تیزی لائی جا سکے۔
اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی نذیر احمد عباسی، اکرام اللہ غازی اور زبیر خان بھی شریک تھے، جنہوں نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر اپنی قیمتی آراء اور تجاویز پیش کیں اور اس منصوبے کو علاقے کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مانسہرہ میں جدید طرز کی ٹاؤن شپ کا قیام نہ صرف شہری سہولیات کی بہتری کا باعث بنے گا بلکہ اس سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مجموعی طور پر خطے کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
🏗️ مانسہرہ میں جدید ٹاؤن شپ منصوبہ: یوڈا کے تحت اہم پیش رفت، جلد منظوری کا امکان.
13