بٹگرام: ضلع میں جنگلات کے تحفظ کے لیے جاری مہم کے دوران بٹگرام پولیس نے ٹمبر مافیا کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے قیمتی لکڑی کی غیر قانونی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قمر حیات خان (PSP) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی، جنہوں نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ بنہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک ڈاٹسن گاڑی کو ناکہ بندی کے دوران روکا۔ تلاشی لینے پر گاڑی سے بڑی مقدار میں قیمتی لکڑی برآمد ہوئی، جو بغیر کسی قانونی اجازت کے اسمگل کی جا رہی تھی۔
پولیس نے فوری طور پر لکڑی کو قبضے میں لے کر گاڑی تھانے منتقل کر دی، جبکہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کی نشاندہی اور مزید گرفتاریوں کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ضلعی پولیس سربراہ قمر حیات خان کا کہنا ہے کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں، اور ان کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
پولیس حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جنگلات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ قدرتی وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
🚨 بٹگرام پولیس کی بڑی کارروائی: ٹمبر مافیا کی اسمگلنگ ناکام، قیمتی لکڑی برآمد 🌲
17