ہری پور: حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں واہ کینٹ سے ایبٹ آباد تک جانے والی مین گیس ٹرانسمیشن لائن میں گیس لیکج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو وقت کے ساتھ ساتھ قریبی علاقوں میں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ کے باعث صنعتی زون کے قریب موجود فیکٹریوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جس پر فوری طور پر ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور، ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او ہری پور خود موقع پر موجود رہتے ہوئے تمام کارروائی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقے سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ قریبی آبادی اور فیکٹریوں کو بھی خطرے کے پیش نظر خالی کرانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ہری پور کے علاوہ ایبٹ آباد اور اٹک سے بھی اضافی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں طلب کی گئی ہیں تاکہ آگ پر جلد قابو پایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ اداروں نے مین گیس سپلائی کو فوری طور پر بند کر دیا ہے تاکہ مزید لیکج اور نقصان کو روکا جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے صورتحال کے پیش نظر علاقے میں ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا ہے تاکہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
🔥 ہری پور حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس ٹرانسمیشن لائن میں آگ، ریسکیو آپریشن جاری 🚒
16