ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی، صوبائی اور وفاقی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی، گورننس اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس میں ہورڈنگ ریگولیشن، جائنٹ چیک پوسٹس کی کارکردگی، انسدادِ منشیات اقدامات، مدارس کی رجسٹریشن، غیر قانونی اسلحہ و دھماکہ خیز مواد کی روک تھام، دہشتگردی کے خدشات، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں، غیر رجسٹرڈ سم کارڈز، گداگری کے خاتمے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، پٹرول کی دستیابی، غیر قانونی بائیکیا (Bykea) و گرین ہیلمٹ سروسز، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اور ٹریفک مینجمنٹ جیسے اہم نکات شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ:
تمام اسلحہ لائسنسز کو فوری طور پر پولیس کے مرکزی ریکارڈ میں شامل کیا جائے تاکہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔
پٹرول پمپس پر ایندھن کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے اور عوام کو غیر رجسٹرڈ سکیموں سے بچانے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔
غیر قانونی بائیکیا (Bykea) اور گرین ہیلمٹ سروسز کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ ٹریفک نظام میں بہتری اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یونیورسٹیوں اور کالجز میں منشیات کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے انتظامیہ، تعلیمی اداروں اور پولیس کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دیا جائے۔
شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے نو پارکنگ زونز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
مزید برآں، انہوں نے حساس مقامات کی کڑی نگرانی، جدید سکیورٹی اقدامات کے نفاذ اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جاری اقدامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔


انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
ایبٹ آباد میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس، امن و امان اور انتظامی امور پر بڑے فیصلے
18