ایبٹ آباد پولیس کی بڑی کامیاب کارروائی: بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گروہ گرفتار، 5 چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ایبٹ آباد (خصوصی رپورٹ)

17

ایبٹ آباد (خصوصی رپورٹ)
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی واضح ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایبٹ آباد پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بین الصوبائی موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہ کو بے نقاب کر دیا۔
ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ کینٹ علی جدون کی قیادت میں پولیس ٹیم نے خفیہ معلومات اور جدید تفتیشی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے تین شاطر ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان کی تفصیل:
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں
فیضان ولد ارشد
زیشان ولد ارشد، ساکن نگکی
انس ولد خرم، ساکن سلہڈ
شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ منظم انداز میں مختلف اضلاع میں وارداتیں کرتا رہا ہے۔
برآمدگی:
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 05 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ بعد ازاں ان موٹر سائیکلوں کی تصدیق کے بعد چابیاں اصل مالکان کے حوالے کر دی گئیں، جس پر شہریوں نے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔
مزید پیش رفت:
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق اس گروہ سے مزید اہم انکشافات اور دیگر وارداتوں کے سراغ ملنے کی بھی توقع ہے۔
ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں