🔰 خصوصی افراد کے لیے مثال قائم: معذور شہری کو ڈرائیونگ لائسنس اور تعریفی سرٹیفکیٹ جاری.

19

ہری پور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے عوامی خدمت اور خصوصی افراد کی سہولت کے عزم کو عملی شکل دیتے ہوئے ایک معذور شہری کو نہ صرف باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا بلکہ اس کی حوصلہ افزائی کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پیدائشی طور پر بازوؤں سے محروم شہری ندیم خان نے اپنی محنت، حوصلے اور عزم کے ذریعے تمام قانونی تقاضے پورے کیے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک فیصل حفیظ بھی موجود تھے، جنہوں نے ڈی پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہری کے کیس کو مکمل شفافیت کے ساتھ پراسیس کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے کیس کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں شہری کی جسمانی صلاحیت اور ڈرائیونگ کی اہلیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد موٹر وہیکل ایگزامینر (MVE) نے گاڑی کا مکمل معائنہ کیا، جبکہ امیدوار سے عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی لیا گیا تاکہ اس کی مہارت اور سڑک پر محفوظ ڈرائیونگ کی صلاحیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام مراحل کامیابی سے مکمل ہونے پر شہری کو باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا گیا۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے اس موقع پر معذور شہری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
“آپ جیسے باہمت افراد ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آپ کی محنت اور حوصلہ دوسرے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ خصوصی افراد کسی سے کم نہیں، صرف انہیں مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور پولیس عوامی خدمت کے جذبے کے تحت خصوصی افراد کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور ایسے مثبت اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔
معذور شہری ندیم خان نے ضلعی پولیس، میڈیکل بورڈ اور متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس آسان اور شفاف طریقہ کار نے نہ صرف ان کا اعتماد بحال کیا بلکہ دیگر خصوصی افراد کے لیے بھی امید کی ایک نئی کرن پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سہولیات فراہم کی جائیں تو خصوصی افراد بھی معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔



یہ اقدام اس بات کی واضح مثال ہے کہ اگر ادارے مخلصانہ نیت اور سہولت فراہم کرنے کے جذبے کے ساتھ کام کریں تو معاشرے کے ہر فرد کو برابر کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں