🔰 مانسہرہ میں ون ڈالر بازاروں کے خلاف کریک ڈاؤن: جعلی و غیر معیاری کاسمیٹکس ضبط، جرمانے عائد.

27

ضلع مانسہرہ:
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن مانسہرہ نے ضلع بھر میں قائم مختلف ون ڈالر بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ یہ کارروائی عوامی شکایات کے پیش نظر عمل میں لائی گئی، جن میں جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ کاسمیٹکس مصنوعات کی فروخت کی نشاندہی کی گئی تھی۔
انسپیکشن کے دوران کریمز، شیمپو، بیبی شیمپو، بیبی پاؤڈرز، لوشنز، فیس واش، میک اپ آئٹمز اور دیگر ذاتی استعمال کی اشیاء کو باریک بینی سے چیک کیا گیا۔ ٹیم نے مصنوعات کی پیکنگ، ایکسپائری ڈیٹ، رجسٹریشن نمبر اور برانڈ کی تصدیق کا جائزہ لیا تاکہ صارفین کو مضر صحت اور جعلی اشیاء سے بچایا جا سکے۔
کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں مشتبہ، غیر معیاری اور جعلی اشیاء برآمد ہوئیں جنہیں فوری طور پر ضبط کر لیا گیا۔ متعدد دکانداروں کو قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بعض کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی کہ آئندہ ایسی مصنوعات کی فروخت سے مکمل اجتناب کریں۔
حکام نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام دکاندار صرف مستند، رجسٹرڈ اور معیاری مصنوعات ہی فروخت کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں دکانوں کی بندش بھی شامل ہو سکتی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن مانسہرہ نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ون ڈالر شاپس سے کاسمیٹکس، کریمز، شیمپو اور دیگر جلد و بالوں سے متعلق اشیاء خریدنے سے احتیاط کریں کیونکہ اکثر یہ معروف برانڈز کی جعلی نقل (Counterfeit) ہوتی ہیں، جو جلدی امراض، الرجی اور دیگر صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔
مزید برآں، مختلف گودام مالکان کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔ رجسٹریشن مکمل کرنے والے گودام مالکان کو باقاعدہ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ غیر رجسٹرڈ گوداموں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے تاکہ انہیں جلد از جلد قانونی دائرہ کار میں لایا جا سکے اور ان کی نگرانی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور مارکیٹ میں معیاری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے آپریشنز کا سلسلہ مستقل جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں