📢 بٹگرام: معززینِ علاقہ اجمیرہ کی ڈی پی او آفس آمد، پولیس کارکردگی کو سراہا گیا.

19

بٹگرام (نمائندہ خصوصی)
بٹگرام کے علاقے اجمیرہ سے تعلق رکھنے والے معززین کے ایک وفد نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان (PSP) کے دفتر کا دورہ کیا اور ان سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کامیاب کریک ڈاؤن پر بٹگرام پولیس کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
وفد کے اراکین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بٹگرام پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے باعث علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرائم کے خاتمے اور معاشرتی امن کے قیام کے لیے وہ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او قمر حیات خان نے معززینِ علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطہ ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بٹگرام پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی پی او نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہری مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر پولیس کا ساتھ دیں تاکہ علاقے کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔



ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق عوامی تعاون سے ہی جرائم کا مؤثر سدباب ممکن ہے اور اس سلسلے میں پولیس اور عوام کا باہمی اعتماد نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں