اسلام آباد: ایکسپریس ہائی وے کے وی آئی پی روٹ پر سکیورٹی کے دوران پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کی وردی میں ملبوس ایک جعلی خاتون اہلکار کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈھوک کالا خان پل کے قریب مشکوک سرگرمیوں پر پولیس کی نظر پڑی، جہاں ایک خاتون خود کو اے ایس آئی ظاہر کرتے ہوئے بیٹھی تھی۔ خاتون نے مکمل ٹریفک پولیس یونیفارم پہن رکھی تھی، جبکہ اس کے یونیفارم پر مقدس نام بھی درج تھا، جس پر پولیس کو مزید شبہ ہوا۔
ابتدائی تفتیش کے بعد خاتون کی شناخت اقراء بی بی زوجہ چن ویز کے نام سے ہوئی، جو ہری پور کے علاقے محلہ ریلوے اسٹیشن، سرائے صالح کی رہائشی نکلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ نہ صرف خود کو پولیس افسر ظاہر کر رہی تھی بلکہ ممکنہ طور پر شہریوں کو دھوکہ دینے یا غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہ پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
گرفتار خاتون کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کھنہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
🚨 جعلی خاتون پولیس افسر گرفتار — اسلام آباد میں اہم کارروائی.
24