ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی): شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ ہزارہ ریجن پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد 97ویں بیسک انٹیلی جنس کورس کی تکمیل کے موقع پر کیا گیا، جس میں صوبہ بھر سے تعلق رکھنے والے 25 پولیس افسران نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی۔
تقریب کے آغاز پر ڈائریکٹر سکول آف انٹیلی جنس عارف جاوید نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور ادارے کی کارکردگی، تربیتی معیار اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید تقاضوں کے مطابق افسران کو انٹیلی جنس، تفتیش اور جرائم کی روک تھام کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں مؤثر انٹیلی جنس نظام امن و امان کے قیام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور مستند معلومات کے ذریعے نہ صرف جرائم کی روک تھام ممکن ہے بلکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ پولیس اپنے افسران اور جوانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ بدلتے ہوئے حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تربیت کو عملی میدان میں بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں حاصل ہونے والے تجربات اور تربیت کے اثرات کو رپورٹ کی صورت میں ادارے کو ارسال کریں تاکہ تربیتی نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے۔




تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی ہزارہ نے کامیاب افسران میں اسناد تقسیم کیں جبکہ ڈائریکٹر سکول آف انٹیلی جنس کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے سکول کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور جاری تربیتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ کی ایبٹ آباد میں انٹیلی جنس کورس کی تقریب میں شرکت، افسران میں اسناد تقسیم.
12