بٹگرام (نمائندہ خصوصی): آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان (PSP) نے کھلی کچہری کی صدارت کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ایس ایچ او تھانہ سٹی اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں مشرانِ علاقہ، ممبران ڈی آر سی، تاجر برادری، اور صحافیوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے امن و امان، منشیات، ٹریفک، اراضی تنازعات اور دیگر مسائل کے حوالے سے اپنی شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او بٹگرام نے تمام مسائل کو بغور سنا اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ٹائم لائن کے ساتھ ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
اپنے خطاب میں ڈی پی او قمر حیات خان نے کہا کہ مؤثر پولیسنگ کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مشرانِ علاقہ، ڈی آر سی ممبران اور صحافی برادری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بہتری کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔








کھلی کچہری کے اختتام پر مقامی عمائدین نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور اسے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
بٹگرام میں کھلی کچہری، ڈی پی او قمر حیات خان کا عوامی مسائل کے فوری حل پر زور.
14