ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی): حکومتِ خیبر پختونخوا کے “گڈ گورننس روڈ میپ” کے تحت شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتال کے انتظامی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم اور سٹی میئر سردار شجاع نبی نے بے نظیر بھٹو شہید (BBS) ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد افریسیاب ہنڈل، چیئرمین ضلعی مصالحتی کمیٹی جنرل (ر) ایاز سلیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ہسپتال انتظامیہ کی بریفنگ اور کارکردگی کا جائزہ:
ہسپتال پہنچنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) ڈاکٹر عامر اسرار نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ایمرجنسی سروسز، لیبارٹری سہولیات، ادویات کی دستیابی، مریضوں کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ پیش کیا گیا۔
اس دوران ڈپٹی ڈی ایم ایس، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے بھی اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
اعلیٰ حکام کا اظہارِ اطمینان اور ہدایات:
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم اور سٹی میئر سردار شجاع نبی نے ہسپتال کے صفائی کے نظام، مریضوں کی دیکھ بھال اور مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایم ایس ڈاکٹر عامر اسرار کی قیادت کو سراہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی وژن کے مطابق مفت ادویات اور تشخیصی ٹیسٹوں کی فراہمی کو مزید شفاف اور آسان بنایا جائے تاکہ مستحق مریضوں کو بروقت ریلیف مل سکے۔ اس کے علاوہ ہسپتال میں مریضوں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے، عملے کی کارکردگی بڑھانے اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بلند کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال:
دورے کے دوران ہسپتال کی زیر تعمیر نئی عمارت، جدید طبی آلات کی فراہمی اور سہولیات میں اضافے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ہسپتال انتظامیہ کا عزم:








میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور بی بی ایس ٹیچنگ ہسپتال کو خطے کا ایک مثالی طبی مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت بی بی ایس ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کا اعلیٰ سطحی دورہ.
14