لیہ کے علاقے جمن شاہ میں واقع اقراء پبلک سکول کے پرنسپل کاشف نواز کلاسرا کے خلاف آٹھویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا سنگین مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ کے والد محمد سلیم سپل کی مدعیت میں تھانہ کوٹ سلطان میں ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم پرنسپل نے طالبہ کو متعدد بار نشانہ بنایا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔
مزید برآں، مقدمے کے متن کے مطابق چند روز قبل ملزم مبینہ طور پر اسلحہ کے ساتھ متاثرہ بچی کے گھر میں داخل ہوا اور اسے اغواء کرنے کی کوشش کی، تاہم اہل خانہ کے شور مچانے پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
لیہ: نجی سکول کے پرنسپل پر طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی اور اغواء کی کوشش کا الزام.
25