ایبٹ آباد: غیرت کے نام پر خاتون قتل، شوہر فرار.

30

ایبٹ آباد کے علاقے بانڈہ سنجلیاں میں غیرت کے نام پر قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کر لی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود بانڈہ سنجلیاں میں کوہستان سے تعلق رکھنے والے ملزم شاہ خالد نے اپنی اہلیہ مسماۃ شہلا پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کے فوراً بعد ملزم فرار ہو گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور نعش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مقتولہ چار بچوں کی ماں تھیں، جبکہ واقعے نے اہل علاقہ کو غمزدہ کر دیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ نمبر 581/26 بجرم دفعات 302 اور 311 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں